امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع اور امن مذاکرات جاری کرنے کی پیش کش کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
عید الفطر کے موقعے پر پیغام میں، مائیک پومپیو نے کہا ہے: ”جیسا کہ صدر غنی نے افغان عوام سے خطاب میں اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ امن بات چیت میں ضروری ہوگا کہ بین الاقوامی عناصر اور افواج کے کردار پر گفت و شنید شامل ہو”۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ”امریکہ اِن مذاکرات کی حمایت، سہولت کاری اور شرکت پر تیار ہے”۔
اُنھوں نے کہا کہ ”خونریزی بند کرنے کا فائدہ افغانستان کے سبھی لوگوں کو ہوگا”، اور یہ کہ ”اس پیش کش کا معاشرے کے تمام طبقوں کی طرف سے وسیع تر مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے”۔
اُن کے الفاظ میں ”ہم نے اسلامی جمہوریہ افغانستان کی فوجوں اور پولیس کے طالبان عسکریت پسندوں کی ساتھ عید نماز ادا کرنے کی تصاویر دیکھی ہیں۔ اُن کے قائدین مل بیٹھ کر آپس میں گفتگو کرسکتے ہیں اور اپنے اختلافات کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں”۔
اُنھوں نے کہا کہ ”امن بات چیت کی ابتدا کرنا اس عزم کا اظہار ہوگا کہ متحد افغانستان کے لیے کوشش کی جا رہی ہے، جس میں ملک کے تمام شہری امن اور عزت کے ساتھ رہ سکیں”۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ”امریکہ افغان حکومت، طالبان اور افغانستان کے تمام لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہے، تاکہ امن سمجھوتا طے پاسکے، اور ایک سیاسی حل سامنے آئے جس کی بدولت اس لڑائی کا کوئی مستقل حل تلاش کیا جائے”۔
اُنھوں نے عید الفطر کے موقعے پر امریکہ کی جانب سے افغانستان کے عوام کے لیے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ”ہم عید کے موقع پر جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اِس سال امن کی کروٹ لیتی ہوئی نئی امید کے ساتھ، افغان عوام عید کی تعطیل اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزار رہے ہیں”۔












