یورپی ملک فن لینڈ مسلسل 7 ویں سال دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا ہے جبکہ پاکستان گزشتہ سال کی پوزیشن پر برقرار رہا۔

خوشی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی۔

اس فہرست میں پاکستان 143 ممالک میں 108 ویں نمبر پر موجود ہے۔

گزشتہ سال بھی پاکستان کے حصے میں یہی نمبر آیا تھا تو بظاہر 2023 ایک ایسا سال ثابت ہوا جس کے دوران اقتصادی، سیاسی اور دیگر بحرانوں نے پاکستانی عوام کو مایوس تو نہیں کیا مگر خوش بھی نہیں ہونے دیا۔

اسی طرح بھارت بھی گزشتہ سال کی طرح 143 ممالک میں 126 ویں نمبر پر رہا، یعنی اس معاملے میں پاکستانی بھارتی شہریوں سے آگے ہیں۔

اس سال کی رپورٹ میں پہلی بار عمر کے گروپس کے لحاظ سے بھی ممالک کی رینکنگ کی گئی ہےاور بری خبر یہ ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں میں نوجوانوں کے اندر خوشی کے احساس میں کمی کو دریافت کیا گیا۔

اس فہرست کی تیاری کے لیے 140 سے زائد ممالک کے افراد سے 2021 سے 2023 کے دوران ہونے والے عالمی سروے کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ممالک کی درجہ بندی کے لیے فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY