پاکستان اور امریکہ نے خطے اور بالخصوص افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے اعلیٰ امریکی سفارتکار ایلس ویلز کے پاکستان حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔

امریکی معاون نائب وزیرِ خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ایلس ویلز ایک روزہ دورہ پر منگل کی صبح اسلام آباد پہنچی ہیں، جہاں انہوں نے پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےبھی ملاقات کریں گے۔

ایلس ویلز ایک ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں جب افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امریکہ اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپو کے مابین پاک امریکہ تعلقات کو نئی جہت پراستوار کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا ۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ وفود کے سطح پر ہونے والی بات چیت میں خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال اور افغانستان میں امن و استحکام کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر بات چیت ہو رہی ہے اور امریکہ کو پاکستان کے ساتھ تعلقات صرف افغانستان کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہتے۔

SHARE

LEAVE A REPLY