قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نےکہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکل حریف ہے، ٹیسٹ سیریز میں سخت محنت کرنا ہوگی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمعہ سے ابوظبی کے شیخ زاید انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے شروع ہوگا۔

ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ فخر زمان انجری کے باعث سیریز میں شامل نہیں، شاہین آفریدی کو تجربے کے لیے ابھی ساتھ رکھا ہے، یہ دونوں کھلاڑی جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اُن کی ٹیم نے چار سال پہلے امارات میں اچھی کرکٹ کھیلی تھی، ابھی تجربے کی کمی ہے، یاسر شاہ اور محمد عباس بہترین بولنگ کر رہے ہیں، ٹیسٹ سیریز میں اچھے میچز ہوں گے۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، سرفراز احمد،آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور میر حمزہ شامل ہیں۔

حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY