نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین روس ٹیلر نے کہا ہے کہ یاسر شاہ نے آج کمال بولنگ کی،وہ بجا طور پر تعریف کے مستحق ہیں۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس میں روس ٹیلر نے کہا کہ پاکستان کیخلاف دبئی ٹیسٹ ابھی ختم نہیں ہوا، اچھا کھیل کر جیت تو نہیں سکتے لیکن مقابلہ ضرور کر سکتے ہیں۔
روس ٹیلر نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر دوسری اننگز میں تیز رفتار 49 رنز بنالئے ہیں،انہوں نے 53 گیندوں پر 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا،وہ ناقابل شکست ہیں۔
نیوزی لینڈ بیٹسمین سے صحافی نے پوچھا کہ کیا دبئی ٹیسٹ نیوزی لینڈ کیلئے ختم ہوگیا؟ تو روز ٹیلر نے کچھ توقف کے بعد جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘ آپ ایسا سوچ سکتے ہیں،لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ابھی ہماری 8 وکٹیں باقی ہیں، ہم اچھا کھیل کر جیت تو نہیں سکتے البتہ مقابلہ ضرور کرسکتے ہیں۔
انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں حارث سہیل، بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں نے لاجواب کھیل پیش کیا،ان کی پرفارمنس نے ہی ہماری ٹیم کو مشکل میں ڈالا۔
روز ٹیلر نے مزید کہا کہ کرکٹ میں کبھی ایسا ہوتا ہے کہ آپ اچھا نہیں کھیلتے اور پہلی اننگز میں ہمارے ساتھ ایسا ہی ہوا، ہمارے بیٹسمین توقعات پر پورا نہیں اترے اور ہم 100 رنز کے ہندسے کو بھی عبور نہیں کر پائے۔
34سالہ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین نے کہا کہ دبئی میں بارش کے بارے میں کبھی سوچا نہیں تھا کہ صحرا میں بھی ایسا ہو سکتا ہے لیکن اب جب ہم شکست کے دہانے پر ہیں تو خواہش رکھتے ہیں کہ دبئی میں بارش ہو اور میچ بے نتیجہ ختم ہو جائے۔












