پارک لین پیراتھنن کیس: بلاول بھٹو کلیئر قرار

0
581

جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کلیئر جبکہ اسی کیس میں آصف علی زرداری کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے اس کیس میں قومی خزانے کو 3اعشاریہ77ارب روپے کا نقصان ہوا۔

نیب ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس میں یہ اہم فیصلے چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ہوئے۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر اور ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی خصوصی طورپر شریک ہوئے۔

ڈی جی نیب راولپنڈی جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نیب دو کیسز، پارک لین اور پارک لین پیراتھنن کیس میں الگ الگ تحقیقات کر رہا ہے۔

پارک لین پیراتھنن کیس میں تحقیقات مکمل پونے پر بلاول بھٹو سے متعلق کوئی ثبوت نہیں مل سکا جس کے بعد انہیں اس معاملے سے کلیئر کر دیا گیا،اب بلاول بھٹو کے خلاف صرف پارک لین کیس میں تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق پارک لین پیراتھنن کیس میں قومی خزانے کو 3اعشاریہ77 ارب روپے کا نقصان ہوا ،جس کی ذمہ داری سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر افراد پر عائد ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں پارک لین پیراتھنن ایک اہم کیس تھا جس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ابتداء میں بلاول بھٹو کو ملزم نامزد کیا تھا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے بلاول بھٹو زرداری سے اس متعلق پوچھ گچھ بھی کی تھی تاہم کیس کی تحقیقات میں بلاول بھٹو کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق آج نیب ہیڈکوارٹرز میں پارک لین کیس کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے لیکن اس کیس میں بلاول کو کلیئر کردیا گیا ہے

SHARE

LEAVE A REPLY