کراچی کے علاقے بہادر آباد میں تشدد سے ہلاک ہونے والے کم عمر مبینہ چور کے مقدمے میں پولیس نے مزید 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ان 3 افراد کی گرفتاری کے بعد اس واقعے میں اب تک گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
بہادر آباد میں شہریوں کے تشدد سے کم عمر مبینہ چور ریحان کی ہلاکت کے کیس میں ملوث مزید 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں انس، شاہ رخ اور مسعود شامل ہیں، ملزمان کو فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، جس کے بعد واقعے میں ملوث اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
ان سے قبل ملزم دانیال اور زبیر کو گرفتار کیا گیا تھا، کم عمر مبینہ چور ریحان کی ہلاکت کا مقدمہ اس کے والد محمد ظہیر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ریحان کے والد نے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کے لیے تھانے میں درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔
ریحان کے والد کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے اس کے بیٹے کو بدترین تشدد سے ہلاک کیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالی، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا، مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلنا چاہے۔












