دہشت گردی صرف ایک ملک کا نہیں، پوری دنیا کا مسئلہ ہے، نریندر مودی

0
599

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کو دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی صرف ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس کے خلاف پوری دنیا کو مل کر لڑنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی گفتگو کا تمام تر محور بھارت میں ان کی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو پلاسٹک سے پاک کرنے کی مہم چلا رہے ہیں اور آئندہ 5 سال کے دوران 15 کروڑ لوگوں کو پانی کی سپلائی سے جوڑنے جا رہے ہیں جبکہ اسی عرصے میں دور دراز گاؤں اور دیہاتوں میں سوا لاکھ کلومیٹر سے زائد سڑکیں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 تک غریبوں کے لیے مزید 2 کروڑ گھر بنائیں گے جبکہ 2025 تک بھارت کو ٹی بی سے پاک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حیران کن طور پر بھارتی وزیر اعظم کی تقریر میں خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا اور انہوں نے اپنی روایات کے برعکس اس خطاب میں پاکستان کو بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ اور چیلنج ہے، اس کے خلاف پوری دنیا کا ایک ہونا بہت ضروری ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ اگر دہشت گردی سے دنیا تقسیم ہوتی ہے تو اس سے اقوام متحدہ کے قیام کی بنیاد پر فرق پڑے گا لہٰذا ہمیں انسانیت کی خاطر دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے گلوبل وارمنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب نئی تباہی سامنے آرہی ہیں اور ہم دنیا بھر میں نت نئے طریقوں سے اس کے اثرات دیکھ رہے ہیں، گلوبل وارمنگ میں بھارت کا کردار بہت کم ہے لیکن اس میں کمی کے لیے بھارت بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔

مودی نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے سبب مختلف شعبہ ہائے زندگی پر اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، ایسے میں ایک منقسم دنیا سے کسی کا بھی فائدہ نہیں ہو گا اور ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے

SHARE

LEAVE A REPLY