وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بابر بن عطا نے مستعفی ہونے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا اور ذاتی وجوہات کو استعفے کے فیصلے کی وجہ قرار دیا۔
وزیراعظم عمران خان کو ارسال کیے گئے استعفے میں بابر بن عطا نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کو جو مشن انہیں دیا گیا تھا وہ انہوں نے مکمل کیا اور وہ اس لیے استعفیٰ دے رہے ہیں کیونکہ وہ اپنے والد کو وقت نہیں دے پارہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں استعفیٰ جمع کروانا چاہتا ہوں کیونکہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہونے کی وجہ سے میں اپنے بیمار والد کی صحت پر توجہ نہیں دے پارہا اور میں اپنی باقی زندگی اس بات پر افسوس کرکے نہیں گزار سکتا کہ میں نے اپنے والدین کا خیال اس وقت نہیں رکھا جب انہیں میری سب سے زیادہ ضرورت تھی‘۔
بابر بن عطا نے کہا کہ اپنے کام اور والدین سے متعلق ذمہ داری میں توازن برقرار رکھنے کے لیے وہ پر اعتماد ہیں کہ وہ اپنے کام کو صحیح ہاتھوں میں سونپ کر جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی ترجیح ان کے والدین ہیں۔












