جنوبی کوریا کی فوج اور امریکہ کی اسپیشل فورسز کے خصوصی دستے نے دشمن کی تنصیبات میں داخل ہو کر مشترکہ مشق کی ہے جس میں کسی شخص ان تنصیبات سے نکالنے یا حراست میں لینے کی مشق کی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق دونوں ممالک کی افواج کی ان مشقوں کی تصاویر پیر کو سامنے آئیں۔ عمومی طور پر ایسی مشقوں کی تصاویر جاری نہیں کی جاتیں۔
مشق میں جنوبی کوریا اور امریکہ کے کمانڈوز نے ایک عمارت میں کارروائی کی۔ عمارت پر چھاپے کے دوران ایک شخص کو تحویل میں لیا گیا۔ جس کے ہاتھ پیچھے باندھے گئے اور اس کی آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ کر باہر لایا گیا۔ اس شخص کو دونوں ممالک کی افواج نے اس مقام سے منتقل بھی کیا۔
اس مشق کو ‘کلوز کوارٹرز بیٹل ٹریننگ’ کا نام دیا گیا ہے۔
رائٹرز’ کے مطابق یہ مشق جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر گنسان میں امریکہ کے فوجی اڈے میں ہوئی۔
جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ مشق اس لیے ترتیب دی گئی تھی کہ کسی بھی مغوی شخص کو کس طرح سے رہا کروایا جائے گا جبکہ اتحادی فوج سہہ ماہی بنیاد پر ایسی مشقیں کرتی ہیں۔
جنوبی کوریا میں موجود امریکہ کی فوج کا اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ امریکی ڈیفنس ویژول انفارمیشن ڈسٹریبیوشن سروس نے اس مشق کی تصاویر جاری کی تھیں۔
خیال رہے کہ اس مشق کی یہ تصاویر ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں جب شمالی کوریا کی واشنگٹن کو اپنے موقف میں نرمی کے لیے ایک سال کی مقررہ مہلت ختم ہوئی ہے۔ دونوں ممالک میں جوہری ہتھیاروں کی تخفیف سمیت دیگر امور پر مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔












