ڈاکٹر نگہت نسیم کی کورونا ڈائری ۔۔۔قسط نمبر16‎

0
871

مارچ 2020 کا پہلا ہفتہ

موج حوادث

ہر طرف ایک عجیب سے خاموشی ہے
جیسے دنیا کا نظام چلتے چلتے سانس لینے کو رکا ہو
اور نیا سفر شروع کرنے سے پہلے اطراف کا جائزہ لے رہا ہو
جمعرات 5 مارچ کو
سعودی عرب نے اپنے پہلے کورونا وائرس کیس کا اعلان کیا
ہفتہ 7 مارچ کو چین کے ہیلتھ کمیشن نے
ننانوے 99 نئے کیسسز کی اطلاع دی جو پہلے سے کم ترین تھی
ملک بھر میں مجموعی طور پر 80،651 کیسز ہو گئے ہیں
ملک کے برآمدات سال کے پہلے دو مہینوں میں 17.2 فیصد گر گئیں
اتوار 8 مارچ کو ، سعودی حکام نے
مشرقی قطیف علاقے کو مقفل کردیا
اورساتھ ہی تمام اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو معطل کر دیا
اٹلی کی ریاست لومبارڈی اور شمال کے 14 علاقوں میں
سخت قرنطینہ سے 16 ملین افراد محصور ہوئے
یوں لگ رہا تھا جیسے
کورونا میدان جنگ میں روزانہ وسعت ہو رہی ہے
ترقی یافتہ ممالک پیسے پھینک کر تماشہ دیکھ رہے ہیں
اور ترقی پذیر ممالک
اپنی داستانیں خون سے لکھ رہے ہیں
ہوا کے دوش پر
خوف کی پریاں افسانوں اور شاعری میں جگہ پا رہی ہیں
کائینات وحشت مقام ہوئی جا رہی ہے
اور انسان ۔۔۔۔۔۔
تب دق کے مریض جیسا نیم جاں
شاید زندگی کی عبارت بے معنی ہونے کو ہے !

——————————————————————

 مارچ11, 2020

“‌عالمی وبا “‌

آج وہی ہوا
جس کا مجھے جنوری سے دھڑکا تھا
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ
ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گریبیسس نے ہنگامی اعلان میں کہا
دو ماہ بعد
کورونا وائرس کی وبا
“‌عالمی وبا “‌ ہو گئی ہے
The WHO on March 11 declared on the coronavirus outbreak a pandemic
اب تک 113 مُمالک لپیٹ میں آ چکے ہیں
ایک لاکھ، بیالیس ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں
پانچ ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں
وہ گہری تشویش سے کہہ رہے تھے
وبائی بیماری ایک ہی وقت میں
دنیا کے متعدد ممالک میں پھیل رہی ہے
آج ہی ترکی ، آئیوری کوسٹ ، ہونڈوراس ، بولیویا
جمہوریہ کانگو ، پاناما اور منگولیا نے
اپنے اپنے پہلے کیسز کی تصدیق کی ہے
قطر میں انفیکشن ایک ہی دن میں 24 سے 262 تک چلا گیا
دو ہفتوں میں چین سے باہر ملکوں میں 13 گنا بڑھ گئی ہے
مختلف چینلز پر ایکبار پھر نئی بحث کا آغاز ہو چکا ہے
سچ تو یہ تھا
کورونا وائرس کی عالمی وبا ہونے کی خبر نے
دنیا کو ایک نئے خوف کا تحفہ دے دیا
اٹلی میں چند گھنٹوں کے نوٹس پر
کھانے اور فارمیسیوں کے سوا تمام دکانیں بند ہوگیئں
ہر ملک میں پبلک ہیلتھ کے نوٹس جاری ہو گئے
امید کی کرن ۔۔۔
حفاظتی اقدامات کی صورت چمکی
دنیا اقدامات کی طرف دوڑ رہی ہے
بیس سیکنڈ ‌تک صابن سے ہاتھ دھونا
سینی ٹایئزر کا استعمال
ماسک اور دستانے
سخت ترین لاک ڈاؤن
سوشل ڈسٹینس اور قرنطینہ
زمینی آسمانی سرحدوں کی بندش
مجھے لگ رہا ہے ۔۔ جیسے
کرونا کی “‌عالمی وبا “‌
ووہان سے وائٹ ہاؤس تک
اعصاب کی لڑائی ہے
فہم و فراست اور اضطرار کی جنگ ہے
نہیں جانتی
وقت دنیا کو کیا بتانے والا ہے ؟‌
لیکن اتنا جانتی ہوں
کسی بھی ملک کی ناکام حکمت عملی اس کا المیہ بن جائے گی
چاہے وہ وائٹ‌ ہاؤس ہو ۔۔۔۔۔۔ یا میرا پاکستان

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY