سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ آج ہی فیصلہ سنایا جائے گا دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لینے کی درخواست دائر کردی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر فیصل صدیقی نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکٹرک تمام صارفین کو بلاامتیاز بجلی کی سپلائی کا پابند ہے۔ ۔نیپرا قوانین کے مطابق نادہندہ افراد کی بجلی منقطع کرنے کی اجازت ہے ، مگر کے الیکٹرک ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور وہ نیپرا کے حکم نامے پر عمل نہیں کر رہی۔ لہذا اس کے خلاف کارروائیکی جائے۔
جس پر نیپرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جب درخواست ہی داخل نہیں کرائی گئی تو کارروائی کیسے کریں ۔ جس پر بینچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیپرا ذمہ داری پوری کرتا تو لوگ درخواستیں لے کر نہ آتے۔ سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک جانب سے کی جانے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملے پر آج ہی فیصلہ سنایا جائے گا۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کے الیکٹرک کے خلاف آئینی درخواست دائر کردی۔ جس میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو کے الیکٹرک کے خلاف استعمال کیا جائے۔ ادارے میں ایمرجنسی نافذ کرکے اس کی مرکزی قیادت کو گرفتار کیا جائے۔ ساتھ ہی اس کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔
درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کاکہنا تھا کہ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ کے ساتھ اوور بلنگ کررہی ہے اور وہ شہریوں کے دو سو ارب روپے لوٹ کر فرار ہونا چاہتی ہے جس کے لئے وفاق اس راہ فرار میں ادارے کی مدد کر رہا ہے۔












