اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہینِ عدالت کیس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد اکبر ناصر خان نے عدالت سے معذرت کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے توہین عدالت کیس میں تحریری جواب داخل کرایا ہے کہ عدالت کی کسی ہدایت یا حکم کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتا اور مستقبل میں ایسی کسی صورت حال سے بچنے کے لیے آفس آرڈر جاری کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا جو تاثر بنا اس پر شرمندہ ہوں، متعلقہ پولیس اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر کے ان کے خلاف انضباطی کارروائی شروع کر دی ہے، شیریں مزاری کے گھر جانے والے پولیس انچارج، کانسٹیبلزاور لیڈی کانسٹیبلز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
تحریری جواب کے متن کے مطابق ڈی سی راولپنڈی کے ایم پی او آرڈر سے پہلے گرفتاری روکنے کے عدالتی آرڈر کی تعمیل نہیں ہوئی تھی، ہمیں صرف ڈی سی راولپنڈی کے ایم پی او کے تحت 17 مئی کے آرڈر سے متعلق ہمیں بتایا گیا تھا، تھانہ کوہسار کے آفیشلز راولپنڈی پولیس کے ساتھ شیریں مزاری کے گھر کے باہر گئے اور ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے گرفتاری سے روکنے کے عدالتی حکم متعلق پولیس کو آگاہ نہیں کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شیریں مزاری نے پاکستان تحریک انصاف اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔












