کویت,,, امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے پیر کے روز وزیراعظم شیخ جابرمبارک الصباح کا استعفی منظور کر کے کابینہ تحلیل کر دی، تاہم نئی کابینہ کی تشکیل تک وزیراعظم شیخ جابرمبارک الصباح اہم امور سر انجام دیتے رہیں گے۔

اس سے پہلی اطلاعات کے مطابق کویت کے وزیر مملکت برائے کابینہ امور شیخ محمد عبداللہ المبارک الصباح نے امیر کویت کو کابینہ کا استعفا پیش کردیا ہے۔

کویتی پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج سوموار کو حکومت کے استعفے کی توقع کررہے تھے۔انھوں نے پارلیمان کی تحلیل کا امکان مسترد کردیا ہے۔
گذشتہ ہفتے پارلیمان کے ایک اجلاس کے دوران دو ارکان ریاض العدسانی اور عبدالقدیر الکندری نے شیخ محمد عبداللہ مبارک سے مختلف امور کے بارے میں سوالات کیے تھے۔اجلاس کے بعد دس ارکان پارلیمان نے وزیر کے دیے گئے جوابات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور انھوں نے ان سے پارلیمان کے آیندہ اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

گذشتہ بدھ کی شام کویتی کابینہ کے ارکان نے وزیراعظم جابر المبارک الحامد الصباح کو اپنے استعفے پیش کردیے تھے۔

شاہین اشرف علی۔ کویت

SHARE

LEAVE A REPLY