پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹیم سلیکشن کے دوران انہوں نے کسی کا مستقبل دائو پر نہیں لگایا۔
ایل سی سی اے گرائونڈ میں مسلم جمخانہ کلب کے فیسٹیول میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کو انگلینڈ میں مشکل کنڈیشنز کا سامنا ہے ، موسم سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پہلے بھجوایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں ،تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، مشکل ٹور کی وجہ سے ٹیم کو جلدانگلینڈ بھیجاگیا، ٹیسٹ سیریز تک پاکستان ٹیم ایڈ جسٹ کر جائے گی۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیم سلیکشن میں کسی کھلاڑی کا مستقبل داؤپر نہیں لگایا،وہ عمدہ پرفارمنس اور ٹیم کی کامیابی کے لئے ہی سلیکشن کرتے ہیں ۔
فاسٹ بولر محمدآصف کو منتخب نہ کرنے پرانضمام الحق نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیااور کہا کہ جو 16 کھلاڑی بہترین تھے انہیں ہی سلیکٹ کیا گیا ہے ۔












