پنجاب کے بعد حکومت نے اپوزیشن کوخیبرپختونخوا سے بھی سینیٹ امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کی پیش کش کردی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ و جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سینٹر تاج آفریدی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور راجا پرویزاشرف بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں سینیٹر تاج آفریدی نے حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو خیبرپختونخوا سے سینیٹ امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کی پیش کش کی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں میں سے دو اپوزیشن کودینے کی پیش کش کی تاہم پی ڈی ایم نے تاحال حکومت کی پیش کش کا جواب نہیں دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے تاج آفریدی کو مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی قیادت خیبرپختونخوا میں اپنی حکمت عملی کے تحت انتخاب لڑے گی۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں بھی سینیٹ کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے 5، 5 اور مسلم لیگ (ق) کا ایک رکن منتخب ہوا۔












