سعودی دفتر استغاثہ کے مطابق ایسے سترہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جو ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن رہے تھے۔ اتوار تین جون کو جاری کیے گئے بیان میں گرفتار شدہ افراد کے نام اور وابستگی والی تنظیموں کا کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔
یہ ضرور بتایا گیا کہ ان افراد کے رابطے اُن تنظیموں کے ساتھ تھے جو ملکی سلامتی کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ چند روز قبل نسائی حقوق کی سرگرم کچھ خواتین کارکنوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ ان میں سے تین کو رہا کر دیا گیا ہے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق ابھی بھی چار خواتین زیر حراست ہیں۔












