ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید کرنل ریٹائر شاہد سلطان انتہائی تجربہ کار پائلٹ تھے، ذرائع

0
919

خیبر پختونخوا حکومت کے سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید کرنل (ر) شاہد سلطان کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، شاہد سلطان انتہائی تجربہ کار پائلٹ تھے۔

کرنل شاہد سلطان آرمی سے ریٹائر ہوئے تھے، انہوں نے اس وقت کے چیف آف آرمی اسٹاف سمیت متعدد وی آئی پی فلائٹس اڑائی تھیں۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں شہید ریٹائر ونگ کمانڈر آفتاب ایئر فورس سے ریٹائر ہوئے تھے، ان کا تعلق لاہور سے تھا۔ حادثے میں شہید فلائٹ انجینئر سلیم کا تعلق تلہ گنگ سے تھا۔ وہ ایئر فورس سے ریٹائر تھے۔

حادثے میں شہید ہونے والے کریو چیف مختار کا تعلق صوابی سے تھا، وہ پاک فوج سے ریٹائر ہوئے تھے جبکہ حادثے میں شہید کریو چیف محمد جبار آرمی سے ریٹائر تھے، ان کا تعلق بھی تلہ گنگ سے تھا۔

ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید اہلکاروں نے کرم میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔ ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 نے کرم میں 5 ماہ کے دوران درجنوں پروازیں کی تھیں۔

ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی 2020 میں روس سے اوور ہالنگ کرائی گئی تھی، ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کے بھی زیر استعمال ہے۔

…………………………………

خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹرکریش کرگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 5 افراد شہید ہوگئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باجوڑ میں امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث کریش ہوا، حادثے میں 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث ایم آئی 17ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا تھا، علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور کے پی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر ضلع بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے مطابق ہیلی کاپٹر باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جارہا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے، رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے۔

حکام کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ 3 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY