پاکستانی ٹیم سات سال بعد نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا عزم لیے آج ابوظہبی اسٹیڈیم میں اترے گی۔ تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ زخمی امام الحق کی شمولیت کے امکانات نہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنےآج ہونگی۔ پاکستانی ٹیم پچھلے سات سالوں سے ون ڈے کرکٹ میں نیوزی لینڈ سے سیریز نہیں جیت پائی۔ ابوظہبی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ کیوی ٹیم کے نام رہا تھا۔دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم 6 وکٹوں سے فاتح رہی تھی۔
فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم میں کم از کم ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ زخمی امام الحق کی جگہ آصف علی یا عماد وسیم میں سے کسی ایک کو شامل کیا جا سکتا ہے۔فخر زمان اور بابر اعظم سے اننگ کا آغاز کرانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔
دوطرفہ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرنے میں پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ انتہائی خراب ہے۔ایسے 15 مواقعوں پر پاکستانی ٹیم ناکامی سے دوچار ہوئی، جبکہ تین کامیابیوں میں سے دو زمبابوے اور ایک ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔












