قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آر ڈر بیٹسمین بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کرکے خوش ہوں۔

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں 24 سالہ بابر اعظم نے کہا کہ کسی بیٹسمین کے لئے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری بنانا ایک اعزاز کی بات ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج قدرے انتظار کے بعد میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔

بابر اعظم نے ٹیسٹ کرئیر کے 17 ویں میچ میں پہلی سنچری بنائی ، وہ 127 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، انہوں نے 2016ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی کے اسٹیڈیم پر ہی ڈیبیو کیا تھا،وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پہلے ہزار سے صرف 51 رنز کی دوری پر ہیں۔

بیٹنگ کے دوران دباؤ سے متعلق سوال پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ نہیں ایسا نہیں ہے، میں ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے،کوچ اور کپتان کی ہدایت کے مطابق کھیلتا ہوں۔

ساتھ ہی انہوں نے اظہر علی کی گزشتہ روز کی بات کو دوہرایا کہ اگر پاکستان نے پہلی اننگز 5 وکٹ پر 418 رنز پر ڈیکلیئر کردی ہے تاہم دبئی کی پچ پر بیٹنگ کرنا ہرگز آسان نہیں ۔

حارث سہیل کیساتھ پانچویں وکٹ پر 186رنز کی شراکت پر بات کرتے ہوئےمڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ حارث نے مجھے بہت اعتماد دیا، ہاں انہوں نے اپنے آپ کو خوش قسمت قرار دیاکہ وہ اننگز کے دوران کئی بار رن آوٹ ہونے سے بچے۔

آسٹریلیا کے نیتھن لیون کو بابر نے ورلڈ کلاس اسپنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کو کھیل کر اب اعجاز اور سوڈھی اتنے مشکل نہیں لگ رہے لیکن انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ ان کو کھیلنا آسان بھی نہیں ہے

SHARE

LEAVE A REPLY