یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگیرینی نے تیونس میں جاری عرب لیگ کے سالانہ اجلاس میں خطاب کے دوران کہا کہ ’گولان ہائٹس‘ سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو نظرانداز کرنا اس مسئلے کا ’کوئی حل نہیں‘ ہے۔
انہوں نے یہ بات چند روز قبل امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ گولان پہاڑیوں کو اسرائیلی علاقے کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کے جواب میں کہی۔
موگیرینی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ فلسطینی ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے اور ’دو ریاستی حل‘ کو ناقابل عمل بنانے سے روکا جائے۔ عرب لیگ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اس تنظیم کے تمام بائیس رکن ممالک نے مشترکہ طور پر مقبوضہ گولان پہاڑیوں سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔












