برازیل کے فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کو لے جانے والا جہاز کولمبیا کی حدود میں حادثے کا شکار ہوا، طیارے میں 81 مسافر سوار تھے۔

مقامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ مطابق برازیل کے فٹ کھلاڑیوں کو لے جانے والا جہاز کولمبیا کی میڈلائن ایئرپورٹ کے قریب گر گیا، جہاز میں برازیل کے فٹ بال کلب شپے کوئنز کے 72 کھلاڑی اور دیگر 9 افراد سوار تھے، جس میں سے ابتدائی طور پر 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جہاز برازیل کے مقامی فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں سمیت 81 افراد کو جنوبی امریکی فٹ بال ٹورنامنٹ کوپا سوڈا امریکانا کے فائنل کے لیے جا رہا تھا کہ ایندھن کی کمی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔

جہاز حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 15 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا، ٹوئٹر پر جاری کردہ جہاز حادثے کی وڈیو میں جہاز کو اچانک ریڈار سے غائب ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار بننے والا جہاز کولمبیا کی جوز ماریا کورڈووا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف سفر کر رہا تھا، جہاز اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلی ہی کولمبیا کی حدود میں گر گیا۔

جہاز حادثے کے بعد ساؤتھ امریکن فٹ بال کنفیڈریشن (کونمی بول) نے ٹورنامنٹ کے باقی تمام میچز منسوخ کردئیے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی ممالک میں بڑے بڑے جہاز حادثے پیش آ چکے ہیں، 2009 میں فرانس کا ایک جہاز بحر اوقیانوس پر پرواز کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا تھا، 2013 میں روس کا مسافر طیارہ تاتارستان میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا جس وجہ سے 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کولالمپور سے بیجنگ جانے والے ملائیشیا کا جہاز بھی 2014 میں غائب ہوگیا تھا، لاپتہ جہاز کی تلاش کے لیے 30 زائد ہوائی جہازوں اور 40 بحری جہازوں نے دن رات آپریشن جاری رکھا تھا، طیارے میں 239 مسافر سوار تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY