سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت نے سابق رکن قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کی اور اسے کراچی، صوبے اور ملک کا امن و امان خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردری کا اظہار کیا ۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائےگا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ شہر میں اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں۔
انہوں نے آئی جی پولیس کو شہر میں امن و امان کی بحالی کی ہدایت کی۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وہ خوش گفتار اور اپنا نکتہ نظر دلیل و تہذیب سے پیش کرنے والے فرد تھے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سابق رکن قومی اسمبلی کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے علی رضا عابدی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی سیاسی خدمات کو سراہا۔
جماعت اسلامی کراچی کے رہنما نعیم الرحمٰن نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کی مطالبہ کیا۔













