یہ بڑھکیں مار رہے ہیں ان کی ہمت ہی نہیں کہ گورنر راج لگائیں، جنید اکبر

0
787

یہ بڑھکیں مار رہے ہیں ان کی ہمت ہی نہیں کہ گورنر راج لگائیں، جنید اکبر

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ وزیراعظم کے کہنے پر شروع نہیں کیا جو ان کے کہنے پر ملتوی کریں گے،لانگ مارچ شروع کرنے میں طویل وقت اس لیے رکھا کہ کوئی درمیان راستہ نکالا جائے، خیبرپختونخوا میں ہم نے اور ہمارے بچوں نے رہنا ہے، جو فیصلے کرتے ہیں نہ یہ خود یہاں رہتے ہیں نہ ان کے بچے، یہ شاید ملک سے باہر رہیں گے، بانی پی ٹی آئی 20 سال سے یہی بات کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں اسی بنیاد پر لوگ ہمیں ووٹ دیتے ہیں۔

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ تو میری خواہش ہےکہ خیبرپختونخوا میں امن و امان ہو، خیبرپختونخوا میں ڈی سی کو ٹرانسفر کیا جائے تو ان کو کال آتی ہے کہ چارج نہ لیں،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے میں دہشت گردوں اور ان کو سپورٹ کرنے والوں کی مذمت کرتا ہوں، جنہوں نے دہشت گردوں سے پیسے لیے، ان سے مذاکرات کیے ان کی بھی مذمت کرتا ہوں، جنہوں نے دہشت گردوں کو کہا کہ پنجاب میں حملے نہ کریں، خیبرپختونخوا میں کریں ان کی بھی مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں ہمارے 2 وزیر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے، آج بھی ہمارے ایک وزیرپر حملہ ہوا ان کا بھائی اور بھتیجا شہید ہوا، مجھے ن لیگ کے شہدا کا نام بتادیں یہ کتنے جنازے اٹھا چکے ہیں؟ ہم نے تو کبھی دہشت گردوں کو سپورٹ نہیں کیا؟ کبھی اسامہ بن لادن سے پیسے نہیں لیے، خواجہ آصف سے پوچھیں کہ طالبان سے بات کرنےگئے تو کیوں افغانستان سے ان کو لے کر آئے تھے؟ ہیلی کاپٹر بھر کر جو لوگ افغانستان مذاکرات کےلیےگئے تھے ان کی فہرست دنیا کو دکھادیں، ان لوگوں میں بتادیں کہ پی ٹی آئی کا کون سا بندہ شامل تھا، بیرسٹر سیف ان لوگوں میں شامل تھے لیکن ان کا تومجھے بھی نہیں پتا کہ پارٹی میں ہیں یا نہیں، ہم تو چیخ رہے تھےکہ دہشت گردوں کو واپس لاکر یہاں بسایا جا رہا ہے ، مراد سعید اس لیےچھپے ہوئے ہیں کہ وہ اس وقت چیخ رہے تھےکہ دہشت گردوں کو یہاں نہ لائیں۔

جنید اکبرکا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح بانی پی ٹی آئی اس لیے ہیں کہ ہم نے ان کی وجہ سےکے پی میں امن دیکھا، یہ بڑھکیں مار رہے ہیں ان کی ہمت ہی نہیں کہ گورنر راج لگائیں، ہم اپنی حکومت بچا بھی سکتے ہیں اور پھونک بھی سکتے ہیں، ہم تو چاہتے ہیں کہ یہ ایسا کوئی کام کریں ہمیں بڑی آسانی ہوجائےگی۔

SHARE

LEAVE A REPLY