ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ خطرے سے دوچار ہو گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ صورتحال پر نگاہ ہے، دیکھتے ہیں حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں؟
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیاسی کشیدگی کے باعث آئی سی سی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ پڑوسی ملک میں باہمی مقابلوں کیخلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019ء میں دونوں ٹیموں کے مابین 16 جون کو مقابلہ ہونا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ آئی سی سی کا شو کیس ایونٹ ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو کرکٹ کا نگران ادارہ اس معاملے کو دیکھے گا۔ ورلڈ کپ میں ابھی کچھ وقت ہے اور حالیہ صورتحال کو خاموشی سے دیکھ رہے ہیں۔ گزشتہ روز کرکٹ کلب آف انڈیا کے سیکرٹری سریش بھافنا نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی کہ وہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کیخلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دے۔












