آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے سینڈ پیپر گیٹ تنازع پر پیٹ کمنز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو انہیں بھی ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوش ہیزل ووڈ نے 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ منصوبے سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو اس منصوبے کا علم ہونے کا دعویٰ درست نہیں۔
ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ یہ فرض کر لینا کہ سب کو معلوم تھا اور حقیقت میں سب کو معلوم ہونا، دونوں میں بہت بڑا فرق ہے، انہیں بال ٹیمپرنگ منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا۔
انہوں نے پیٹ کمنز پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز سے مختلف لوگوں کی جانب سے کمنز کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ پیٹ کمنز کی بطور کھلاڑی اور بطور کپتان خدمات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
جوش ہیزل ووڈ کے مطابق پیٹ کمنز نے ٹیم کو ماضی کے بدترین کرکٹ تنازعات سے نکال کر ایسی پوزیشن میں پہنچایا جہاں مستقبل میں اس طرح کا واقعہ دوبارہ پیش آنے کا امکان نہیں ہوگا، وہ ایک بہترین قائد ہیں اور ٹیم کا ہر کھلاڑی ان کے بارے میں یہی رائے رکھتا ہے۔
پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹانے سے متعلق سوال پر جوش ہیزل ووڈ کا کہنا تھا اگر پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا وہ بھی ٹیسٹ ٹیم چھوڑنے پر غور کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی سوانح عمری اور کیمرون بینکرافٹ کے حالیہ بیانات کے بعد 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے، ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے بیان کو 100 فیصد درست قرار دیا ہے جبکہ پیٹ کمنز اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے چکے ہیں۔












