ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔لیام ڈاؤسن اور ہیری بروک 34،34 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کےکپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں،حیدر علی اور شاہنواز دھانی کی جگہ آصف علی اور وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا جبکہ انگلش ٹیم نے بھی 3 تبدیلیاں کیں۔

پاکستان کی اننگزانگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا آغاز کافی اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ صرف 2 رنز بناسکے۔

اس دوران رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں آصف علی کے 2 چھکوں کی بدولت قومی ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔آصف علی 3 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹوپلی نے 2 ، ڈاؤسن اور ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی اننگز

پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا،14 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔فل سالٹ 8، الیکس ہیلز5 اور ول جیک صفر پر آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 33 رنز بناکرٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے علاوہ کپتان معین علی 29 بناسکے۔

مسلسل وکٹیں گرنے کے دوران ہیری بروک اور لیام ڈاؤسن نے انگلش ٹیم کو جیت کی امید دلوائی لیکن پھربروک 34 رنز اور پھر نئے آنے والے بیٹر ڈیوڈ ولی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ہدف کے تعاقب میں ایک وقت انگلش ٹیم جیت کے بالکل قریب پہنچ گئی تھی، انگلینڈ کو 10 گیندوں پر 5 رنز درکار تھے جبکہ 3 وکٹیں اس کے ہاتھوں میں تھیں۔

تاہم پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اگلی 2 گیندوں پرسیٹ بیٹر لیام ڈاؤسن کو کیچ اور اولی اسٹون کو شاندار یارکر پر آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت کے قریب کیا۔

انگلینڈ کو آخری اوور میں 4 رنز جبکہ پاکستان کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم 20ویں اوور کی دوسری گیند پر شان مسعود نے ٹوپلی کو رن آؤٹ کرکے پاکستان کو 3 رنز سے کامیابی دلوادی۔

گرین شرٹس کی جانب سے محمد نواز اور حارث رؤف نے3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے

SHARE

LEAVE A REPLY