صومالیہ میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں 35 جنگجو ہلاک ہوگئے، پینٹاگون نے حملے کی تصدیق کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج نے صومالیہ کے علاقے ہیران میں فضائی حملے کیے، ان حملوں میں شدت پسند تنظیم الشباب کے 35 جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
فضائی حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے جنگجوؤں کی گرفتاری کے لیے بری فوج چھاپے مار رہی ہے، فضائی حملہ جنگجوؤں کے ایک ٹھکانے سے دوسرے ٹھکانے کی جانب منتقلی کے دوران کیا گیا۔
واضح رہے کہ صومالی حکومت کی درخواست پر امریکی فوج شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی میں معاون و مددگار ہے، امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اتحادی کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صومالیہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے۔












