بھارتی ریاست کرناٹک میں صوبائی اسمبلی کے لیے بُدھ کو ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔ ابتدائی رجحانات کے مطابق اپوزیشن کانگریس پارٹی کو 224میں سے 133حلقوں میں برتری حاصل ہے جب کہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 65حلقوں میں اور علاقائی جماعت جنتا دل (سیکیولر) 26حلقوں میں آگے ہیں۔باقی ماندہ سات حلقوں میں دیگر پارٹیاں یا آزاد امیدوار سبقت لیے ہوئے ہیں۔
کرناٹک کے موجودہ وزیرِ اعلیٰ اور بی جےپی لیڈر بسواج سوماپا بومئی نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں کہا “ہم نشان تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں اس کے باوجود کہ وزیرِ اعظم سے لے کر عام بی جے پی کارکن نے ان انتخابات میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور کوشش کی تھی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کرناٹک اسمبلی کے انتخابات کے نتائج کو اپنے آپ پر حاوی نہیں ہونے دیں گے بلکہ اس مشکل صورتِ حال سے بہتر انداز میں باہر آنے کا مکمل حوصلہ رکھتے ہیں۔
کانگریس کے سرکردہ لیڈر راہل گاندھی نے کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی جیت کو اس کے غریب عوام اور سیکیولر طاقتوں کی فتح قرار دے دیا۔
انہوں نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا “ہم نے کرناٹک میں یہ لڑائی نفرت کے خلاف محبت کے ساتھ لڑی۔ ہماری کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ یہ ملک محبت کی زبان جانتا اور سمجھتا ہے۔ کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوگیا ہے اور محبت کی دکان کھل گئی ہے۔”
راہل گاندھی نے جنہوں نے اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ مل کر کرناٹک میں کانگریس پارٹی کے حق میں انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا کہا کہ نئی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اب بھارت کی ہر ریاست میں ہوگا۔













