چین کے نیم خودمختار علاقے ہانگ کانگ کی حکومت نے اس متنازع مسودۂ قانون پر بحث ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے خلاف علاقے میں شدید عوامی احتجاج جاری ہے۔
ہانگ کانگ کی حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بِل پر بحث کے لیے بدھ کی صبح ہونے والا ہانگ کانگ کی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
بِل کے خلاف ہزاروں مظاہرین نے اتوار سے ہانگ کانگ کی حکومت کے مرکزی دفاتر اور اسمبلی کی عمارت کے باہر دھرنا دے رکھا ہے جس کے باعث دفاتر تک جانے والے راستے بند ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ہانگ کانگ کے مرکزی علاقے وان چائی میں موجود مظاہرین کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہوں نے احتجاج میں شرکت کے لیے اپنے تعلیمی اداروں اور دفاتر سے چھٹی کی ہے۔
وان چائی ہانگ کانگ کا مرکزی کاروباری علاقہ بھی ہے جہاں گزشتہ تین روز سے جاری احتجاج کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
مجوزہ بِل کے خلاف ہانگ کانگ کی کاروباری برادری اور تاجروں نے بھی ہڑتال کی دھمکی دی ہے جب کہ طلبہ، اساتذہ، بس ڈرائیورز، سماجی کارکنوں اور دیگر پیشہ وارانہ تنظیموں نے بھی بِل کے خلاف احتجاج جاری رکھنے اور ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔












