مشیر اطلاعات و قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کی اے ٹی ایم مشین ہیں، جہانگیر ترین نے آج حکومتی ایماء پر پریس کانفرنس کی، انہوں نے پریس کانفرنس میں سندھ حکومت اور سندھ کے عوام کو بھی مخاطب کیا، کوئی نااہل فرد حکومتی و سائل استعمال کرتے ہوئے پریس کانفرنس کر سکتا ہے؟ کیا عمران خان نیازی کے پاس کوئی اور ترجمان نہیں، جہانگیر ترین نے کس حیثیت میں پریس کانفرنس کی اور وہ کس حیثیت میں منتخب حکومت کو مشورے دے رہے تھے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو برباد کرنے والوں سے اچھے کی امید کیسے کرسکتے ہیں، یوریا کھاد کی بوری کی قیمت میں دو سو روپے سے زائد اضافہ کر دیا گیا، اس کا اثر عام آدمی پر پڑےگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی غلط پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل مالکان ہڑتال پر چلے گئے ہیں، آپ کی حکومت ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے، ٹیکس وصولی روز بروز کم ہورہی ہے، آپ کی ناکام پالیسی کی وجہ سے ایف بی آر پچھلے سال ساڑھے چار سو ارب وصول نہیں کرپایا، وفاق پیسے جمع نہیں کر پارہا تو سندھ کا کیا قصور ہے؟ وقت آگیا ہے کہ آپ دانشمندی سے کام لیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق سندھ کے بقایا جات فوری ادا کرے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں پانی کی لائنیں چوک کرنے والے آج سڑکیں بلاک کرنے کی بات کررہے ہیں، حیرت ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاقی حکومت کا حصہ ہے لیکن وہ اضافی پانی کے لیے وفاق سے بات کیوں نہیں کرتے؟، ماضی میں عمران خان کو غلط کہنے والے آج ان کے اتحادی بن گئے ہیں، سندھ حکومت نے وفاق سے کراچی کو اضافی پانی کی درخواست کر رکھی ہے، سندھ حکومت کراچی کے مسائل حل کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تو آئین پاکستان کی بات کرتی تھی کیا آئین پاکستان ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دیتا ہے؟، گورنر اور دیگر لوگ اس عمل میں ناکام ہوں گے، وہ چار پانچ سال سے پیپلزپارٹی کے ارکان کو توڑنے کی کوششیں کررہے ہیں۔











