پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر شرجیل خان نے اپنا وزن کم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے جلد قومی ٹیم میں واپسی کی امید ظاہر کردی۔
لاہور میں سماء کے رپورٹر قادر خواجہ سے شرجیل خان نے خصوصی گفتگو کی۔
انھوں نےبتایا کہ کشمیر پریمئیر لیگ سیزن 2 کے لئے تیاری بہترین ہے اور ایونٹ کے لیے پریکٹس جاری ہے۔ شرجیل خان نے بتایا کہ سیزن ون میں پرفارمنس بہترین رہی تھی اور اس مرتبہ بھی کوشش ہوگی کہ شائقین کو اپنی بیٹنگ سے محظوظ کرسکوں۔
انھوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں شائقین کو چوکے اور چھکے نظر آئیں گے اور پوری کوشش ہوگی کہ بال کو میرٹ پر کھیلوں۔
شرجیل خان نے بتایا کہ سابق کپتان شاہد آفریدی کے ساتھ کرکٹ کھیلی اوران سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
اپنی فٹنس کےحوالےسے انھوں نے بتایا کہ وزن کم کرلیا ہے لیکن ابھی بھی مزید وزن کم کرنے کا ہدف ہے، فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کررہا ہوں اور دن بدن دیکھیں گے کہ فٹنس میں بہتری نظرآئے گی۔
اپنی کارکردگی اور ٹیم میں واپسی سے متعلق انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں بہت سخت مقابلہ ہے لیکن کشمیر پریمیئرلیگ اور نیشنل ٹی 20 کپ میں پرفارمنس دے کر ٹیم میں واپس آؤں گا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اکتوبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں کچھ ماہ باقی ہیں،کوشش ہوگی کہ پہلے اچھی پرفارمنس دوں اورٹیم میں واپس آؤں۔












