بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر نے کے بعد سخت سیکیورٹی کی موجودگی اور عوامی غم و غصے کے باوجود وادی پر براہِ راست وفاقی حکومت کی حکمرانی کا آغاز 31 اکتوبر سے ہوگیا، جس کے بعد متنازع علاقہ اپنے پرچم اور آئین سے بھی محروم ہوگیا۔
خیال رہے کہ 5 اگست کو بھارتی پارلیمان نے مقبوضہ کشمیر کو 2 وفاقی اکائیوں میں تقسیم کرنے کی منظوری دی تھی۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیصلے پر عملدرآمد کے پیشِ نظر وادی میں جمعرات کو کسی قسم کا بھارت مخالف احتجاج یا حملہ روکنے کے لیے سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی۔
صورتحال کے پیشِ نظر بھارتی فوج اور پولیس کے ہزاروں کی تعداد میں اہلکار وادی کی سڑکوں پر گشت کرتے رہے جبکہ زیادہ تر دکانیں، اسکول اور کاروباری مراکز اگست کے مہینے سے ہی بند ہیں۔
اس سے قبل مقبوضہ کشمیر کا انتظام و انصرام گورنر کے پاس ہوتا تھا، بعدازاں اس عہدے کو لیفٹیننٹ گورنر سے تبدیل کردیا گیا اور اس عہدے کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مقرر کردہ نئے سول ایڈمنسٹریٹڑ جی سی مرمو نے جمعرات کو سنبھال لیا۔
بھارتی حکومت نے 1947 میں برِ صغیر کی تقسیم سے بھی پہلے سے قائم ریاستی ریڈیو اسٹیشن کا نام بھی ریڈیو کشمیر سری نگر سے تبدیل کر کے آل انڈیا ریڈیو سری نگر کردیا۔
اس تمام تر صورتحال میں سب سے نمایاں تبدیلی مقبوضہ کشمیر کے پرچم اور آئین کی غیر موجودگی تھی، جسے متنازع علاقے کی نئی حیثیت کے تحت ختم کردیا گیا۔
تاہم کشیری عوام کو سب سے بڑا خظرہ وادی سے تعلق نہ رکھنے والے بھارتیوں کی جانب سے زمین خریدنے کا ہے جبکہ اس سے قبل آئین میں کشمیریوں کے خصوصی مالکانہ حقوق کو محفوظ رکھا گیا تھا۔
اس ضمن میں بھارتی رکنِ پارلیمنٹ اور ریٹائرڈ کشمیری جج حسنین مسعودی نے کہا کہ ’جمعرات کو ہر چیز تبدیل ہوگئی، ایک ریاست سے ہم ایک قصبے میں بدل گئے ہیں‘۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی نظر بند سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو مزید تنہا کرنے سے قبل بھارتی حکومت کو ان کو شامل کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیے گئے پیغام میں کہا کہ ’بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق کو نظر انداز کر کے انہیں مصیبت میں لاکھڑا کیا ہے، اگر آپ انہیں اپنا سمجھتے ہیں تو ان سے رابطہ کریں اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے۔











