عراق کے صوبے نینویٰ میں ایک شادی کی تقریب کے دوران آتش زدگی کے نتیجے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور 150 زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ڈسٹرکٹ ہمدانیہ کے ایک شادی ہال میں منگل کی شب شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی سے اچانک ہال میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ہال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتش زدگی کے بعد بھگ دڑ مچ گئی اور مہمانوں نے ادھر ادھر بھاگنا شروع کر دیا تاہم آگ اتنی خوف ناک تھی کہ اس نے ہال میں موجود ہر چیز کو جلا کر خاک کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 45 منٹ پر لگی اور اس وقت تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مہمان موجود تھے۔












