وفاقی حکومت نے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے لیے سرکاری وکیل مقرر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تا کہ سزا سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جاسکے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ (را) اور بھارتی حکومت کی جانب سے کلبھوشن کی سزائے موت پر نظرِ ثانی کی درخواست سے گریز کرنے کے بعد حکومت نے سیکریٹری قانون کے توسط سے درخواست دائر کی۔
درخواست میں سیکریٹری دفاع اور جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے جج ایڈووکیٹ جنرل(جے اےا جی) کو فریق بنایا گیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق فوجی عدالت کے فیصلے پر نظر ثانی اور دوبارہ غور کے لیے وکیل مقرر کرے۔
درخواست کے مطابق بھارتی نیوی کا کمانڈر کلبھوشن یادیو 3 مارچ 2016 کو پاکستان میں داخل یوا اور بلوچستان کے علاقے ماشاخیل میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں پاکستانی حکام نے اسے گرفتار کیا۔












