سری لنکا کے نومنتخب صدر نے منصب سنبھالتے ہی پارلیمنٹ تحلیل کردی۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی حکومت نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پارلیمنٹ تحلیل کردی کیونکہ 14 نومبر کو ملک میں پارلیمانی انتخابات ہوں گے اور اگلی پارلیمنٹ 21 نومبر کو اپنے سیشن کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں آخری مرتبہ عام انتخابات اگست 2020ء میں منعقد ہوئے تھے جہاں اراکین اسمبلی کو 5 سال کی مدت کے لئے منتخب کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں دو روز قبل ہونے والے صدارتی انتخابات میں انورا کمارا ڈسانائیکے کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کی نیشنل پیپلزپارٹی کے موجودہ پارلیمنٹ میں 225 میں سے صرف 3 اراکین تھے، جس کے باعث انہوں نے اپنی پالیسیوں کے لئے نیا مینڈیٹ حاصل کرنے کے لئے پارلیمنٹ تحلیل کردی۔













