ایران کے صدر حسن روحانی نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق حسن روحانی نے کہا کہ ‘احتجاج عوام کا حق ہے لیکن مظاہروں اور فسادات کے درمیان فرق کیا جانا ضروری ہے، ہمیں معاشرے میں عدم استحکام کی اجازت نہیں دینی چاہیے’۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے مظاہروں کی وجہ بننے والی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متنازع اضافے کا دفاع کیا جس سے متعلق ایران کی حکومت کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ معیشت کی تنزلی کے باوجود سماجی فلاح بہبود میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ‘اگر ہم قیمتوں میں اضافہ نہیں کرتے تو ہمیں لوگوں پر ٹیکس میں اضافہ کرنا ہوگا یا زیادہ تیل برآمد کرنا چاہیے ورنہ ضرورت مند افراد کو ریونیو واپس کرنا اور ان پر سبسڈی کم کرنی چاہیے’۔












