شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے جوہری ہتھیار سازی اور بیلسٹک میزائل تیار کرنے پر خود سے عائد پابندی کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے نئے ہتھیار تیار کرنے اور اُن کے تجربات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق جلد ہی دنیا اسٹریٹیجک ہتھیاروں کا مشاہدہ کرے گی۔

یہ پابندی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کمیونسٹ ملک کے لیڈر نے خود سے عائد کی تھی۔ اس پابندی کے خاتمے کے اعلان پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کم جونگ اُن سے کہا ہے کہ وہ پابندی ختم کرنے کے بجائے کوئی متبادل راستہ اختیار کریں اور واضح کیا کہ امریکا شمالی کوریا کے ساتھ کسی بھی قسم کی مخاصمت میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 شمالی کوریا نے کہا ہے کہ دفاعی صلاحیت بڑھانے کے نئے تجربات سے امریکی خطرے کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے گا۔ پیونگ یانگ حکومت کا یہ بیان گزشتہ روز کیے گئے ایک اور انتہائی حساس تجربے کے بعد سامنے آیا۔

یہ ٹیسٹ شمالی کوریا کا ایک ہفتے کے دوران کیا گیا دوسرا تجربہ تھا۔ کورین پیپلز آرمی کے سربراہ پاک جونگ چون کے مطابق شمالی کوریا اب بہت زیادہ طاقت کا حامل ہو چکا ہے۔ ان کے بقول حالیہ حساس تجربات کی کامیابی سے نئے ہتھیاروں کی تیاری میں آسانی حاصل ہو گی۔

ابھی تک شمالی کوریا نے اپنے دونوں حساس تجربات کی تفصیلات عام نہیں کی ہیں۔

……………

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ لانچ اور راکٹ کی ایک تنصیب سے ہفتے کے روز جوہری ہتھیار کا ”ایک اور کلیدی تجربہ” کیا گیا ہے، تاکہ ملک کی ”حکمت عملی کو نا قابل تسخیر اور جوہری طاقت” کو بڑھایا جا سکے۔

یہ تجربہ ایسے میں سامنے آیا ہے جب چند ہی ہفتے قبل شمالی کوریا نے امریکہ کو سال کے اواخر کی خود ساختہ حتمی تاریخ دی تھی، تاکہ جوہری مذاکرات میں شمالی کوریا کو مزید رعایتیں فراہم کی جا سکیں۔ اور ساتھ ہی، شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ طویل فاصلے یا نیوکلیئر تجربات کا پھر سے آغاز کیا جا سکتا ہے۔

کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ ہفتے کو کیا گیا تجریہ کس نوعیت کا تھا، جس میں کوئی تصویر شامل نہیں کی گئی۔

خبر میں بتایا گیا ہے کہ یہ تجربہ سوہائے سیٹلائٹ لانچنگ گراؤنڈ سے کیا گیا، جہاں ایک ہفتہ قبل شمالی کوریا نے کہا تھا کہ ایک اور ”انتہائی اہم تجربہ” کیا گیا ہے، جو بظاہر ایک راکٹ انجن کا تجربہ تھا۔

خبر رساں ادارے نے شمالی کوریا کے ایک اعلیٰ فوجی اہل کار، پاک جونگ چون کے حوالے سے بتایا ہے کہ ”دفاعی سائنس کی تحقیق کا حامل انمول ڈیٹا اور تجربہ؛ اور حالیہ تجربے کے نتیجے میں حاصل کردہ نئی ٹیکنالوجی ایک مزید اسٹریٹجک ہتھیار کی تشکیل میں مدد دے گی”۔

انھوں نے کہا کہ ان تجربات کا مقصد یہ ہے کہ ”امریکہ کی جانب سے درپیش جوہری خطرات سے بچا جا سکے اور اپنے آپ کو محفوظ رکھا جا سکے”۔

شمالی کوریا کی پیپلز آرمی کے چیف آف دی جنرل اسٹاف، پاک جونگ چون نے کہا ہے کہ افواج شمالی کوریا کے سربراہ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

بقول ان کے، ”امریکہ اور دیگر معاندانہ طاقتیں ہمارے خلاف سخت زبان استعمال کرنے سے احتراز کریں”۔

SHARE

LEAVE A REPLY