امریکی ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے اپنے گزشتہ روز کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریپبلکنز کے پاس اس بات کی کوئی ‘قانونی بنیاد’ نہیں ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی میں گواہی کے لیے مجھے طلب کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ ‘میں گزشتہ روز کی گئی اپنی بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، عوامی سطح پر میری 40 سال کی زندگی کے دوران میں نے ہمیشہ قانونی احکامات کی تعمیل کی اور بطور آٹھ سال نائب صدر کے دوران میرے دفتر نے ڈونلڈ ٹرمپ اور مائیک پینس کے برعکس کانگریس کی قانونی درخواستوں پر تعاون کیا۔’

تاہم انہوں نے کہا کہ ‘میں ایسا دکھاوا بلکل نہیں کرنا چاہتا کہ مواخذے کی کارروائی میں ریپبکنز کی جانب سے مجھے گواہی کے لیے طلب کرنے کی کوئی قانونی بنیاد ہے۔’

واضح رہے کہ جو بائیڈن کی جانب سے یہ وضاحت ان کے اس انٹرویو کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی میں سینیٹ کے طلب کیے جانے پر وہ پیش نہیں ہوں گے کیونکہ یہ ٹرمپ کی اپنے غلط کاموں سے دھیان ہٹانے کی کوشش ہوگی۔

چند قانونی ماہرین اور تبصرہ کاروں نے جو بائیڈن کو ان کے اس بیان پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کا کانگریس کے طلب کیے جانے پر انکار بھی ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کی ایک وجہ بنی۔

SHARE

LEAVE A REPLY