پاکستان کی ایک عدالت نے لاپتا افراد کے کیسوں کی پیروی کرنے والے پاکستان فوج کے ریٹائرڈ کرنل انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اُنہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ روالپنڈی بینچ کے جج جسٹس وقاص رؤف نے جمعرات کو ایڈووکیٹ کرنل (ر) انعام الرحیم کے اغوا کی درخواست پر سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل الیاس ساجد بھٹی اور کرنل (ر) انعام الرحیم کے وکیل واصف ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کرنل (ر) انعام رحیم کے اغوا کی درخواست پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ انعام الرحیم کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی حراست کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
عدالت نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کو فوری رہا کرنے کا بھی حکم دیا۔












