بیجنگ میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی 2 رکنی خصوصی ٹاسک فورس نے کورونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان کی خصوصی درخواست پر چینی حکام نے بیجنگ میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے 2 رکنی خصوصی ٹاسک فورس کو مختلف جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات اور بذات خود ان کی صحت و تحفظ کے حوالے سے معلومات لینے کے لیے ووہان جانے کی اجازت دی تھی۔

بیان میں بتایا گیا کہ ٹاسک فورس کو ووہان میں مستقل طور پر تعینات کردیا گیا ہے جو چینی حکام سے رابطے میں ہے اور جب وہاں کی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہوجائے گی اور ووہان سے لاک ڈاؤن اٹھا لیا جائے گا تو ٹاسک فورس بیجنگ واپس آجائے گی۔

ٹاسک فورس کے اراکین میں تھرڈ سیکریٹری اور ایجوکیشن اتاشی سلیمان شامل ہیں جو گزشتہ روز ووہان پہنچے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY