ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدواروں کے درمیان منگل کو ہونے والے مباحثے میں خارجہ پالیسی ہی موضوع بحث رہی۔
یہ مباحثہ آیووا میں تین فروری کو ہونے والی ووٹنگ سے محض تین ہفتے قبل منعقد ہوا۔
اس مرتبہ مباحثے میں کل چھ امیدوار شریک ہوئے جن میں چند امیدواروں کے درمیان تناؤ بڑھتا ہوا دکھائی دیا۔
یہ مباحثہ ایسے وقت منعقد ہوا جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور سینیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کا بھی آغاز ہونے والا ہے۔
منگل کو منعقد ہونے والے مباحثے میں شامل ڈیموکریٹک پارٹی کے کلیدی امیدوار اور سابق نائب صدر جو بائیڈن عوامی جائزوں میں اس وقت سب سے آگے دکھائی دیے۔
جو بائیڈن اپنی مہم میں ایران کے خلاف حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں قومی سلامتی پر توجہ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اب کسی ایسے شخص کو منتخب کرنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے جو انتخاب کے بعد پہلے دن سے ہی تیار ہو اور وہ اس صورت حال کے دھاگے فوری طور پر سمیٹ کر مسلح افواج کے حقیقی کمانڈر ان چیف کا کردار ادا کر سکے۔












