سپریم کورٹ نے میئر کراچی وسیم اختر کو شہر کے باغ ابن قاسم پر قائم قبضہ ختم کروانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کے خاتمے اور سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے باغ ابن قاسم میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں سپریم کورٹ کو بتایا کہ عمارت گرادی مگر سریا پڑا ہوا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سریے کی ملکیت پر بلڈر نے حکم امتناع لیا ہوا ہے جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حکم امتناع کیسا؟، آپ اسے سریا لے جانے دیں اور جگہ خالی کرائیں۔
میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ یہ جگہ خالی کرائیں گے تو پھر کوئی اور آجائے گا، 60 فیصد کراچی کی زمین وفاق، 30 فیصد سندھ حکومت کے پاس ہے، صرف 10 فیصد زمین میرے پاس ہے۔
چیف جسٹس نے میئر کراچی کو باغ ابن قاسم سے مکمل قبضہ 2 ہفتےمیں ختم کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا جائیں اور باغ ابن قاسم کو اصل حالت میں بحال کرائیں۔












