عمران خان نے امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین یقینی بنائیں کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر موقع نہ پاسکیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ‘ہم امریکا اور طالبان کے مابین دوحہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ معاہدہ دہائیوں پر محیط جنگ سمیٹنے اور افغان عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کے لیے امن و مفاہمت کا پیش خیمہ ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘میرا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ کتنی ہی پیچیدہ صورتحال کیوں نہ ہو، امن کا معنی خیز دروازہ سیاسی حل ہی سے کھلتا ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘اب فریقین یقینی بنائیں کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر کوئی موقع نہ پاسکیں جبکہ میری دعائیں اہل افغانستان کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں تک قتل و غارت گری کی آگ میں جلتے رہے۔’

عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے اس معاہدے کی بقا و کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے مکمل پرعزم اور تیار ہے۔’

SHARE

LEAVE A REPLY