پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز نہ کھیلنے پر بھارت کے خلاف مقدمہ کرے گا، اس حوالے سے کیس تیار کرلیا گیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ8 سال میں 6سیریز کھیلنی تھیں، دو سیریز نہیں ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی، اب اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، آئی سی سی معاہدے کی گواہ ہے، زر تلافی ادا کیا جائے ۔

کراچی میں غیر رسمی گفتگو میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن ویسٹ انڈیز کرکٹرز ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کو پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سوپر لیگ کو لاہور میں کرانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن ویسٹ انڈیز سے اطلاع ہے کہ وہاں پلیئرز ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کو پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز بورڈ بھی صرف امیدیں کروا رہا ہے لیکن کوئی حتمی جواب نہیں دے رہا،مصباح الحق اور یونس خان کو بورڈ نہیں بتائے گا کہ انہیں کب ریٹائرڈ ہونا ہے، دونوں کھلاڑی اس حوالے سے فیصلہ خود کریں گے

SHARE

LEAVE A REPLY