پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے لیجنڈ جاوید میانداد کو پاکستان کا بہترین بیٹسمین قرار دیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹر کے ہیرو تھے، ان میں مشکل صورتحال میں بھی بیٹنگ کرنے کی صلاحیت موجود تھی۔
انضمام الحق نے ان خیالات کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا، اُنہوں نے جاوید میانداد کو پاکستان کا سب سے بہترین بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ کرکٹ شروع کررہےتھے تو میانداد ان کے ہیرو تھے، پاکستان اور دُنیا کے دیگر کھلاڑی بھی میانداد سے سیکھتے تھے اور اُن کے مداح تھے۔
انضمام الحق نے مزید کہا کہ جاوید میانداد ایک نڈر بیٹسمین تھے اور کسی بھی صورتحال میں بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے، اُن میں اعتماد بہت تھا، ویسٹ انڈیز کی طوفانی بولنگ اٹیک کےسامنے بھی وہ نہیں گھبراتے تھے۔
سابق کپتان نے کہا کہ اُنہوں نے میانداد سے بہت کچھ سیکھا، میانداد کی خاص بات یہ تھی کہ وہ کوچنگ میں تکنیک سے زیادہ بیٹسمین کو اسکور کرنے اور بولرز سے نمٹنے کے گُر سکھاتے تھے۔











