افغانستان کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ‘کووڈ 19’ کے 56 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 37 ہزار 162 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے اب تک 1328 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں جب کہ 26 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انسانی بھلائی کے لیے اقوامِ متحدہ کے رابطہ کاری دفتر (او سی ایچ اے) کے مطابق افغانستان میں کووڈ 19 کے کیسز کی 10 فی صد تعداد طبی عملے پر مشتمل ہے جب کہ کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے اکثر افراد 40 سے 69 برس کی عمر کے تھے۔
افغانستان میں طبی اور ٹیسٹنگ کے سہولتوں کی کمی کے باعث خدشہ ہے کہ کیسز کی رپورٹ ہونے والی تعداد اصل تعداد سے کہیں کم ہو سکتی ہے۔ افغانستان میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر کابل ہے۔ اس کے علاوہ ہرات، بلخ، ننگرہار اور قندھار بھی زیادہ متاثرہ مقامات میں شامل ہیں۔












