کورونا وائرس کی وجہ سے رک جانے والے کرکٹ کو پھر سے بحال کرنے کے لئے کچھ تجاویز سامنے آئی ہیں، جن میں گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے بجائے پسینے کا استعمال اور مقامی امپائرز کو شامل کرنا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے جو تجاویز سامنے آئی ہیں ان میں گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے بجائے پسینے کا استعمال، کھیل میں مقامی امپائروں کی خدمات لینے اور ہر ٹیم کو ایک اضافی ریویو دینے کی تجاویز شامل ہیں۔

پیر کو کرکٹ کمیٹی کا وڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں انگلینڈ کے سابق کھلاڑی اینڈریو اسٹراس، سابق سری لنکن کھلاڑی مہیلا جےوردھنے، سابق پاکستانی کوچ مکی آرتھر اور دیگر نے شرکت کی۔ شرکا کو آئی سی سی کے چیف میڈیکل ایڈوائزر نے قوانین میں تبدیلیوں کے ساتھ کرکٹ کی واپسی سے متعلق پریزنٹیشن بھی دی۔

کرکٹ سے متعلق ان تجاویز کو اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کو بھیجا جائے گا جس کی وڈیولنک میٹنگ 28 مئی کو ہوگی، جس میں ان تجاویز کی توثیق ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY