حُسین شناسی کا سفر۔22۔ طویل عزائی نظم ، ڈاکٹر نگہت نسیم

0
734

بائیسویں قسط

آپ کو الله کے بندوں میں
الله کی وجہ سے عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے
آپ دیکھتے رہتے ہیں
کہ
الله سے کئے ہوئے عہدو پیمان کو توڑاجا رہا ہے
اسکے باوجود
آپ خوفزدہ نہیں ہوتے
اس کے برخلاف
اپنے آباؤ اجداد کے بعض عہد و پیمان ٹوٹتے دیکھ کر آپ لرز اٹھتے ہیں
جبکہ
رسول الله کے عہد و پیمان نظر انداز ہو رہے ہیں
اور ۔۔۔ کوئی پروا نہیں کی جا رہی
اندھے ، گونگے اور اپاہج شہروں میں لاوارث پڑے ہیں
اور ۔۔۔ کوئی ان پررحم نہیں کرتا
آپ لوگ نہ تو خود اپنا کردار ادا کر رہے ہیں
اور ۔۔ نہ ان لوگوں کی مدد کرتے ہیں جو کچھ کر رہے ہیں
آپ لوگوں نے خوشامد اور چاپلوسی کے ذریعے
اپنے آپ کو ظالموں کے ظلم سے بچایا ہوا ہے
جبکہ
خدا نے اس سے منع کیا ہے
اور ایک دوسرے کو بھی منع کرنے کے لئے کہا ہے
اور آپ ان تمام احکام کو نظر انداز کئے ہوئے ہیں
آپ علم و گہی رکھنے والوں پر آنے والی مصیبت
دوسرے لوگوں پر آنے والی مصیبت سے کہیں بڑی مصیبت ہے
اس لئے
کہ
اگر آپ سمجھیں تو علما کے اعلیٰ مقام و منزلت سے آپ کومحروم کر دیا گیا ہے
کیونکہ
مملکت کے نظم و نسق کی ذمہ داری علمائے الہٰی کے سپرد ہونی چاہئے
جو الله کے حلال و حرام کے امانت دار ہیں
اور اس مقام و منزلت کے چھین لئے جانے کا سبب یہ ہے
کہ
آپ حق سے دور ہو گئے ہیں
اور واضح دلائل کے باوجود سنت کے بارے میں اختلاف کا شکار ہیں
اگر آپ
اذیت و آزار جھیلنے
الله کی راہ میں
مشکلات برداشت کرنے کے لئے تیار ہوتے تو
احکام الہٰی اجراء کے لئے آپ کی خدمت میں پیش کئے جاتے
آپ ہی سے صادر ہوتے
اور معاملات میں آپ ہی سے رجوع کیا جاتا
لیکن
آپ نے ظالموں اور جابروں کو یہ موقع دیا
کہ
وہ آپ سے یہ مقام و منزلت چھین لیں
اور الله کے حکم سے چلنے والے امور
وہ امور جن میں حکم الہٰی کی پابندی ضروری تھی
اپنے اختیار میں لے لیں
تاکہ
اپنے اندازوں اور وہم و خیال کے مطابق فیصلے کریں
اور ۔۔۔اپنی نفسانی خواہشات کو پورا کریں
وہ حکومت پر قبضہ کرنے میں اس لئے کامیاب ہو گئے
کیونکہ
آپ موت سے ڈرکر بھاگنے والے تھے
اور اس فانی اور عارضی دنیا کی محبت میں گرفتار تھے
پھر آپ کی یہ کمزوریاں سبب بنیں
ضعیف اور کمزور لوگ ان کے چنگل میں پھنس گئے
اور۔۔ نتیجہ یہ ہے
کہ
کچھ تو غلاموں کی طرح کچل دیئے گئے
اور کچھ مصیبت کے ماروں کی مانند
اپنی معیشت کے ہاتھوں بے بس ہو گئے
حکام اپنی حکومتوں میں
خودسری، آمریت اور استبداد کا مظاہرہ کرتے ہیں
اور اپنی نفسانی خواہشات کی پیروی میں
ذلت وخواری کا سبب بنتے ہیں
بدقماش افراد کی پیروی کرتے ہیں
اور پروردگار کے مقابلے میں گستاخی دکھاتے ہیں
امام عالی مقام علیہ السلام نے
علم والوں کو آیئنہ دکھاتے ہوئے فرمایا
کیا تم نہیں جانتے ۔۔۔

جاری ہے

SHARE

LEAVE A REPLY