پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارے پُرامن جلسے کو تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کے ردِعمل میں جو کچھ ہوا ذمہ دار حکومت ہوگی۔

لاہور میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے اوسان خطا ہوچکے ہیں، جو تین ماہ ڈی چوک میں دھرنا دے کر بیٹھے رہے ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کہتے تھے اپوزیشن احتجاج کرے تو ہم کنٹینر دیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج مزدور اور کسان ’گو عمران گو‘ کا نعرہ لگارہے ہیں، حکومت کی کوئی سمت نہیں ملک کی معیشت تباہ کردی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی ترجیح اپوزیشن کی کردار کشی اور جھوٹے الزامات لگانا ہے، آپ کے پاس ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کریں عدالتیں فیصلہ کریں گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے سوا دو سال جھوٹے احتساب کو بھگت لیا ہے، اب عمران خان کے کرپٹ ٹولے کی باری ہے یہ ملک سے بھاگیں گے۔

لیگی جنرل سیکریٹری نے گوجرانوالہ جلسے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اطلاعات ہیں کہ ان کے قافلوں کو روکا جارہا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY